.

کووِڈ-19:احتیاطی اقدامات کی جانچ؛سعودی وزارتِ تجارت کےایک ہفتہ میں 25 ہزاردورے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزارت تجارت کے زیر انتظام نگران ٹیموں نے کووِڈ-19 کے حفاظتی اقدامات کی جانچ کے لیے گذشتہ ایک ہفتے میں مملکت بھر میں 25112 دورے کیے ہیں۔ ان دوروں کا مقصد سعودی عرب کے تمام صوبوں میں تجارتی مراکز اور خرید و فروخت کی جگہوں پر کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات پر عمل درامد کا جائزہ لینا تھا۔

بازاروں، تجارتی مراکز اور دکانوں کے ان دوروں میں نافذالعمل تدابیر اور اقدامات کی خلاف ورزی پر 821 فوری چالان کاٹے گئے۔ خلاف ورزیوں میں بغیر ماسک افراد کو داخلے کی اجازت دینا، مخصوص جگہوں کی سینی ٹائزیشن کو یقینی نہ بنانا اور داخلی دروازوں پر ملازمین اور گاہکوں کے درجہ حرارت کی جانچ نہ کرنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں تفتیشی ٹیموں کے دوروں میں بعض جگہوں پر مقررہ گنجائش سے زیادہ افراد کی موجودگی اور سماجی فاصلے کی عدم پابندی بھی دیکھی گئی۔

معائنہ ٹیموں نے تجارتی مراکز اور دکانوں میں مقررہ حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کی خلاف ورزیوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ عاید کیا ہے۔ خلاف ورزی کے اعادے پر جرمانے کی رقم دگنا ہو جائے گی۔مزید خلاف ورزی کے مرتکب کاروباری مرکز یا دکان کی بندش عمل میں آئے گی۔