.

یواے ای سے ادویہ اور خوراک سمیت 960 ٹن امدادی سامان غزہ روانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کی انسانی امدادی تنظیم امارات ہلال احمر (ای آر سی) نے غزہ کی پٹی میں ضروری ادویہ اور خوراک سمیت 960 ٹن امدادی سامان بھیجا ہے۔یہ حالیہ جنگ سے متاثرہ 20 ہزار فلسطینی خاندانوں کے لیے کافی ہوگا۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق یواے ای نے رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے امدادی سامان کی 33 کھیپیں بھیجی ہیں۔یہ تمام امدادی سامان ای آر سی کے فلسطینی عوام کے لیے انسانی اور ریلیف پروگراموں کے حصے کے طور پر بھیجا گیا ہے۔

غزہ میں گذشتہ ماہ اسرائیل اور حماس کے درمیان گیارہ جنگ کے بعد سے ہزاروں فلسطینی خاندان مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔انھیں خوراک ، ضروری ادویہ ، کپڑوں اور بنیادی تعمیراتی سامان کی اشد ضرورت ہے۔

وام کا کہنا ہے کہ یو اے ای غزہ کی پٹی میں انسانی صورت حال سے متعلق ہونے والی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔

جنوری میں یو اے ای نے 90 لاکھ درہم مالیت کا 808 ٹن امدادی سامان بھیجا تھا۔یہ تمام سامان 10 ہزار خاندانوں کی فوری مدد کے لیے کافی تھا۔اس امداد کا مقصد فلسطینیوں کی حالت زارکو بہتر بنانا تھا۔