سعودی عرب : ہائی وے پر ٹریفک کی مخالف سمت ٹرک دوڑانے والا ڈرائیور گرفتار
سعودی عرب میں قصیم اور ریاض کے درمیان ہائی وے پر ٹریفک کی مخالف سمت ٹرک چلانے والے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈرائیور نے ٹریفک قانون کی سنگین خلاف ورزی کر کے اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالا تھا۔
ریاض صوبے کی پولیس کے میڈیا ترجمان میجر خالد الکریدیس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک وڈیو کلپ میں ایک ٹرک ڈرائیور کو (قصیم اور ریاض کے درمیان) ہائی وے پر ٹریفک کی مخالف سمت تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس نے دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا۔ صوبے میں روڈ سیفٹی کی اسپیشل فورس نے فوری طور پر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ مذکورہ ڈرائیور مملکت میں مقیم ایک نیپالی شہری ہے۔ وہ عمر کی پانچویں دہائی میں ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈرائیور نارمل حالت میں نہیں تھا۔