.

غربِ اردن:اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی فلسطینی لڑکا جان کی بازی ہارگیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا کم سن فلسطینی لڑکا اپنے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ہے۔

اسرائیلی فوج نے بدھ کو ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ’’غربِ اردن میں واقع شہر نابلس کے نواح میں ایک الگ تھلگ یہودی بستی کے نزدیک ایک فوجی تعینات تھا۔اس کی جانب فلسطینیوں کے ایک گروپ نے کوئی دھماکا خیز چیز پھینکی تھی۔فوج نے پہلے ہوائی فائرنگ کی تھی اور پھر ایک فلسطینی کو گولی ماردی تھی۔‘‘

فلسطین کی وزارتِ صحت نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 15 سالہ فلسطینی لڑکا احمد شمسہ اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا ہے۔

گذشتہ روزہی غربِ اردن میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک کارسوار فلسطینی خاتون کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔صہیونی فوج نے اپنے بیان میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس خاتون نے مقبوضہ بیت المقدس کے نزدیک ایک زیرتعمیر جگہ پر تعینات فوجیوں کے ایک گروپ پر اپنی کار چڑھانے کی کوشش کی تھی مگر صہیونی فوج نے اس واقعہ کی کوئی تصویر یا ویڈیو فوٹیج جاری نہیں کی ہے۔