مدینہ منورہ کی ایک تاریخی سڑک اب ایک فنی اور ثقافتی سنگم میں تبدیل ہو چکی ہے۔ یہ جگہ "جادة قباء" (قبا کی بڑی سڑک) کے نام سے مشہور ہے۔ یہ مدینہ منورہ شہر میں سیاحوں کے لیے ایک پر کشش مقام بن چکا ہے۔ پورا سال یہاں مختلف نوعیت کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔

مدینہ منورہ کی ترقیاتی کمیٹی نے اس راستے کو دیکھنے والوں کے لیے جاذب نظر بنا دیا ہے۔ یہاں پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ راستے ہیں۔ ان کے علاوہ شجر کاری اور تجارتی دکانوں کی بیرونی صورت یکساں رکھی گئی ہے۔ مزید یہ کہ LED کے ذریعے روشنی کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔
مدینہ منورہ کی تاریخ میں دل چسپی رکھنے والے انجینئر حسان طاہر نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ "جادۃ قباء" 3.6 کلو میٹر پر پھیلا علاقہ ہے جو مسجد نبوی اور مسجد قباء کو ملاتا ہے۔ یہ بات معروف ہے کہ رسول اللہ ﷺ ہر ہفتے کے روز مسجد نبوی سے قباء تشریف لے جایا کرتے تھے۔
حسان طاہر کے مطابق جادۃ قباء کا شمار مدینہ منورہ کی قدیم ترین مرکزی شاہراہوں اور تجارتی بازاروں میں ہوتا ہے۔ یہ شاہراہ اس وجہ سے امتیازی حیثیت رکھتی ہے کہ یہ مدینہ منورہ میں کئی اہم اسلامی اور تاریخی مقامات کو مربوط کرتی ہے۔ مسجد نبوی سے لے کر عید گاہ تک، وہ راستہ جس پر رسول اللہ صلى الله عليه وسلم چلا کرتے تھے، عہدِ نبوی میں مدینہ کے لوگوں کے گھر، اسلام میں پہلے جمعہ والی مسجد اور پھر مسجد قبا تک جو کہ اسلام کی پہلی مسجد ہونے کا اعزاز رکھتی ہے۔

سعودی مملکت کے قیام کے بعد سے اس جگہ کو خصوصی اہمیت دی گئی جس کے نتیجے میں یہ تاریخی مقام انسانی زندگی کے ساتھ باہمی تال میل کا ٹھکانہ بن گیا۔