.

سعودی عرب: حج سیزن کے لیے پبلک ایمرجنسی پلان جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نایف بن عبد العزیز نے رواں سال کے حج کے عمومی ہنگامی منصوبے کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے پر متعدد سرکاری ایجنسیاں عمل درآمد کر رہی ہیں۔

سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبد اللہ العمرو نے کہا کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے عام ہنگامی منصوبے کے عین مطابق رواں سال کے حج سیزن کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات کے مطابق عازمین حج کے لیے اعلی سطح کے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں حجاج کرام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل العمرو نے کہا کہ عازمین کی رہائش کے لیے تیار کی جانے والی تمام سہولیات اور مقامات کی چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔ اس میں تمام حفاظتی اور انتظامی اقدامات اور عوامی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔

جدہ میں پبلک سیکیورٹی ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر پبلک سیکیورٹی اور حج سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرارالحربی نے حج سیکیورٹی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں منظور شدہ سیکیورٹی منصوبوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ حج سیزن ، سیکیورٹی اور فوجی شعبوں کی تیاریوں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعے پر امدادی منصوبوں ، احتیاطی تدابیر اور ہنگامی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ متعدد سفارشات بھی لی گئیں۔