منگل کے روز سعودی عرب کی النہضہ ڈیم کی وجہ سے پیدا ہونےوالے تنازع پر مصر اور سوڈان کے پانی کے جائز حقوق کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی "ایس پی اے" پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے مُملکت نے مصر سوڈان عرب دنیا اور افریقی براعظم کے لیے پانی کےحقوق کے تحفظ کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہےکہ مُملکت پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے عرب جمہوریہ مصراور جمہوریہ سوڈان کی کوششوں اور دونوں ملکوں کے پانی کےحقوق کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق ان کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔
سعودی عرب نے بھی اس بحران کے خاتمے کے لیے ایک جامع حل تلاش کرنے کے بین الاقوامی اقدامات کے لیے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مصر، سوڈان اور ایتھوپیا کےدرمیان ان ممالک کے مفادات کے مطابق دریائے نیل کے پانی کے مسئلے کے منصفانہ اور دیر پا حل کے لیےاقدامات کرے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دریائے نیل کے پانی کے تنازع کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عرب لیگ اور افریقی یوینین کی نگرانی میں حل کیا جانا چاہیے۔
سعودی عرب کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کل منگل کو اقوام متحدہ نے مصر، سوڈان اور ایتھوپیا سے دریائے نیل کے پانی کے تنازع اور النہضہ ڈیم کے تنازع پر دوبارہ تعمیری بات چیت شروع کرنے پر زور دیا ہے۔