.

یوم عرفہ کو خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کیا جائے گا: سعودی عرب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

غلاف کعبہ کی تیاری کے ذمہ دار شاہ عبدالعزیز کمپلیکس، نمائش اور میوزم کے سیکرٹری عبدالحمید المالکی نے بتایا کہ خانہ کعبہ کا غلاف رواں سال معمول کے مطابق 9 ذی الحج کو عرفہ کے روزتبدیل کیا جائے گا۔ نو ذی الحج کو پرانا غلاف تبدیل کرکے اس کی جگہ نیا غلاف چڑھایا جائے گا۔

شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کے مطابق حج کے موقعے پر موجودہ غلافہ کعبہ کو تین میٹر بلند کیا گیا ہے اور اس کی جگہ پرسفید کپڑا جوڑا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم ذی الحج کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز یا ان کے نائب کی طرف سے سدانہ کو سے علامتی طورپر غلاف کعبہ سپرد کیا جائے گا۔ اس موقعے پرغلاف کعبہ کا ایک ٹکڑا اور کعبہ کی چابیاں بھی حوالے کی جائیں گی۔ یہ عمل صدارت عامہ برائے امور حرمین کے سربراہ کی موجودگی میں عمل میں لایا جائے گا۔

المالکی کا کہنا تھا کہ غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تمام سرگرمیاں مسلم دنیا کے ذرائع ابلاغ کے ذریعےدکھائی جائیں گی تاکہ غلاف کعبہ کی تیاری کے حوالےسے سعودی قیادت کی کاوشوں کا اظہار کیا جاسکے اور حرمین شریفین میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کے لیے مملکت کی طرف سے فراہم کردہ خدمات کو پیش کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ غلاف کعبہ کوصاف رکھنے کے لیے سال بھر چوبیس گھنٹے صفائی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔