حجاج کرام کی خدمت کے لیے ہجوم کو منظم کرنے میں سعودی عرب عالمی لیڈر
سعودی عرب ہر سال مناسک حج کے موقع پر ہجوم اور بڑے مجمع کو منظم رکھنے کے لیے عالمی معیار کے انتظامات کرتا ہے۔ البتہ گذشتہ برس اور رواں برس حجاج کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے واسطے عازمین حج کی تعداد کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارت حج و عمرہ نے رواں سال بھی کافی پہلے سے اپنی تمام افرادی اور مادی قوت کو 1442 ہجری کے حج سیزن کی تیاری میں لگا دیا تھا۔
حجاج کے لیے ٹرانسپورٹ
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج نے حجاج کرام کی آمد و رفت کے لیے ٹرانسپورٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس حوالے سے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا پورا خیال رکھا گیا ہے۔ اللہ کے مہمانوں کی آرام دہ اور آسان نقل و حرکت کے واسطے ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا گیا ہے۔

مقامات مقدسہ میں مناسک کے دوران حجاج کرام کے قیام کے حوالے سے مربوط نظام تشکیل دیا گیا ہے تا کہ کسی بھی واقعے کی فوری اطلاع انتظامیہ کو مل سکے۔ ساتھ ہی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانوں کی فراہمی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
صحت و سلامتی پہلی ترجیح
رواں سال کرونا وائرس کے نتیجے میں حجاج کرام کی تعداد کو 60 ہزار تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد انسانی جان کے تحفظ کے سلسلے میں اسلامی شریعت کی تعلیمات پر عمل درامد ہے۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب حجاج کی تعداد کم کر کے عازمین کو مملکت کے اندر شہریوں اور غیر ملکی مقیمین تک محدود کر دیا گیا۔ حجاج اور معتمرین کے لیے خدمات کو پیشہ وارانہ طریقے سے پیش کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹکنالوجی کے جدید ترین وسائل اور افرادی قوت کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔ وزارت حج و عمرہ نے مختص اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زمینی طور پر ماہر کارکنان کے ذریعے اللہ کے مہمانوں کو بہترین خدمات فراہم کریں۔
الکٹرونک ٹریک
وزارت حج و عمرہ نے مملکت کے اندرون عازمین حج کی بکنگ اور مطلوبہ پیکج کی خریداری کے لیے ویب پورٹل کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں "حج اسمارٹ کارڈ" بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کا مقصد آپریشنز اور سروسز کو مربوط کرنا ہے۔

یہ اسمارٹ کارڈ Near Field Communication یعنی"NFC" ٹکنالوجی کی بنیاد پر کام کرے گا۔ اس کارڈ میں بہت سی خصوصیات رکھی گئی ہیں۔ ان میں حاجی کو مقامات مقدسہ میں اس کی رہائش کی طرف رہنمائی فراہم کرنا، مختلف تنصیبات میں داخلے کا کنٹرول اور نظام کے مخالف حج میں شرکت سے روکنا شامل ہے۔ وزارت حج و عمرہ نے "برقی بریسلیٹ" بھی متعارف کرایا ہے۔ اس میں حاجی کی شناخت اور تمام سرکاری معلومات کا اندراج ہو گا۔
ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن
وزارت حج و عمرہ نے حجاج کرام کو اعلی ترین معیار کی خدمات پیش کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے تحت جدید ترین ٹکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔
اس سلسلے میں وزارت نے "حج اسمارٹ پلیٹ فارم" اور "سروسز مانیٹرنگ" کا منصوبہ جاری کیا ہے۔ مقامات مقدسہ میں حجاج کرام کے لیے اضافی رقبہ مختص کیا گیا ہے۔ حجاج کے خیموں کو مختلف خدمات کے ساتھ لیس کیا گیا ہے۔