.

رواں سال حج سیزن کے لیے سعودی وزارت صحت کے انتظامات مکمل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزارت صحت نے باور کرایا ہے کہ رواں سال 1442 ہجری کے لیے حجاج بیت اللہ کی صحت و سلامتی برقرار رکھنے کے واسطے کوششوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس مقصد کے لیے کئی احتیاطی اقدامات پر عمل درامد کیا جا رہا ہے۔ اللہ کے حکم سے ان اقدامات کے ذریعے کرونا کی وبا کے بیچ حج سیزن صحت کے پہلو سے محفوظ رہے گا۔

سعودی وزارت صحت حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اعلی ترین عالمی معیارات کے نفاذ کی خواہاں ہے۔ اس حوالے سے تمام عازمین حج سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تمام احتیاطی اقدامات کی مکمل پابندی کریں۔ ان میں جسمانی فاصلہ، ماسک پہننا اور ذاتی صفائی کا اہتمام شامل ہے۔ ساتھ کرونا ویکسین کی دوسری خوراک حاصل کر لینے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق اس نے متعدد طبی تنصیبات اور مراکز تیار کیے ہیں جو مقامات مقدسہ میں اللہ کے مہمانوں کو علاج کی خدمات اور طبی دیکھ بھال و نگہداشت پیش کریں گے۔ ان میں 3 ہسپتال شامل ہیں جو عرفات کے مشرق میں ، جبل رحمہ پر اور وادی مِنی میں ہیں۔ ان کے علاوہ 6 طبی مراکز ہیں جن میں دو عرفات میں ، ایک عرفات کے پیدل راستے میں اور تین مراکز منی میں حجاج کرام کی رہائش کے مقامات پر ہوں گے۔

وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ حجاج کرام کو طبی خدمات پیش کرنے کے لیے تربیت یافتہ طبی عملہ مقرر کیا گیا ہے۔ حج سیزن کے موقع پر ممکنہ طور پر شدید گرمی کے پیش نظر خصوصی انتظامات کی تیاری کی گئی ہے تا کہ لُو لگنے کی صورت میں حجاج کرام کو فوری طبی امداد پیش کی جا سکے۔