.

لبنان:وزیراعظم سعدالحریری نے 24 وزراء پرمشتمل کابینہ کی فہرست صدرعون کوپیش کردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان کے نامزد وزیراعظم سعدالحریری نے بدھ کو 24 وزراء پرمشتمل اپنی کابینہ کی فہرست صدرمیشیل عون کو پیش کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ اب اس پر صدر کی رائے کے منتظر ہیں۔

سعد الحریری نے گذشتہ سال اکتوبر میں اپنی نامزدگی کے نوماہ کے بعد صدر عون کو اپنی مجوزہ کابینہ کی فہرست پیش کی ہے۔انھوں نے صدر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب سچائی کا مرحلہ آگیا ہے۔‘‘۔انھوں اس توقع کا اظہارکیا ہے کہ’’میرے نزدیک یہ حکومت ملک کو بچانے کا آغاز کرسکتی ہے اور اس کا دھڑن تختہ ہونے سے روک سکتی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ ان کے نئی کابینہ کی تشکیل کے معاملے پر صدرعون کی جماعت فری پیٹریاٹک موومنٹ (ایف پی ایم ) سے اختلافات چلے آرہے تھے۔اس کے علاوہ لبنان کی دوسری بڑی مسیحی جماعت ،سمیر جعجع کے زیر قیادت لبنانی فورسز نے بھی سعدالحریری کی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزدگی کی حمایت نہیں کی تھی۔

لبنان میں گذشتہ قریباً ایک سال سے کوئی فعال حکومت نہیں ہے اور ایک عبوری حکومت ملک کا نظم ونسق چلا رہی ہے۔لبنانی حکومت گذشتہ سال 4 اگست کو بیروت کی بندرگاہ پر تباہ کن دھماکے کے بعد مستعفی ہوگئی تھی اور اس کی جگہ صدر میشیل عون نے گذشتہ سال اکتوبر میں سعد الحریری کو دوبارہ وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔

سعدالحریری نے اپنی کابینہ میں 24 ماہرین کو وزراء کے طور پر نامزد کیا ہے اور انھیں فرانسیسی اقدام کے مطابق تجویز کیا گیا ہے۔انھوں نے صدر میشیل عون سے ان کے مصر کے حالیہ دورے کے بعد ملاقات کی ہے۔

قاہرہ میں ذرائع نے بتایا ہے کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے صدر عون سے ملاقات لبنان کی نئی حکومت کو اقتصادی اور سیاسی امداد مہیا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔اس ضمن میں مصرکا ایک وفد جلد بیروت کا دورہ کرے گا۔