فریضہ حج کی ادائی اور مناسک کی تکمیل کے بعد مسجد حرام کی صفائی ستھرائی مقدس مقام میں عطر بیزی کا عمل جاری ہے جس کے لیے چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 ہزار مردوخواتین رضا کار مامور ہیں۔
مسجد حرام کی صفائی کے امور کے ڈائریکٹر جابر الودعانی نے’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کو بتایا کہ مسجد حرام کو ، اس کے بیرونی صحن اور آس پاس کے مقامات کو دن میں 10 بار صفائی کے عمل سے گذارا جاتا ہے۔ چوبیس گھںٹوں کے دوران صفائی کرنے والے رضا کار تین مختلف شفٹوں میں الگ الگ وردیوں میں کام کرتے ہیں۔

مسجد حرام کی صفائی اور اس میں عطرچھڑکنے کے لیے ماحول دوست مواد استعمال کیا جاتا ہے۔ مسجد کو دھونے کے لیے 60 ہزار لیٹر جراثیم کش مواد استعمال جاتا ہے جب کہ 1200 لیٹر فریشنرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ مسجد کی صفائی کے لیے 470 آلات اور مشینیں استعمال کی جاتی ہیں۔
الودعانی نے مزید کہا کہ مسجد حرام کی صفائی کے دوران صحن مطاف ، حجر اسماعیل علیہ السلام، حجر اسود، رکن یمانی، المتلزم، خانہ کعبہ شریف کے گرد موجود رکاوٹوں اور مسجد کے لاؤڈ اسپیکروں کو بھی باقاعدگی کے ساتھ روز مرہ کی بنیاد پرصاف کیا جاتا ہے۔