لبنان میں چاک سے دنیا کا سب سے بڑا جھنڈا بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑنے کی کوشش
بیروت میں ایک 24 سالہ نوجوان 'جیوفانی باسیل' 200 مربع میٹر کے رقبے پر چاک سے لبنانی جھنڈا بنا کر اپنا نام گینز بک آف ریکارڈز میں داخل کرانے کے لیے کوشاں ہے۔ وہ اس منصوبے کو گینز بک آف ریکارڈز میں شامل کرانے کی خواہش رکھتا ہے۔
باسیل بیروت کے وسط میں الشہداء اسکوائر پر یہ جھنڈا بنانے میں مصروف ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اس کام کے ذریعے اپنے وطن کو "امید" کا پیغام دینا چاہتا ہے جو اس وقت غیر معمولی اقتصادی اور سماجی بحران میں ڈوبا ہوا ہے۔ باسیل کے مطابق موجودہ عالمی ریکارڈ یوراگوائے کے شہری کے پاس ہے جس نے چاک کے ذریعے 168 مربع میٹر کے رقبے پر اپنے ملک کا پرچم بنایا تھا۔
باسیل نے 3000 چاکوں کے ساتھ جھنڈا کی تیاری کا کام ہفتے کے روز شروع کیا تھا۔ توقع ہے کہ وہ اتوار کے روز اپنا کام مکمل کر لے گا۔ باسیل اپنے کام میں تین رنگوں (سرخ، سفید اور سیاہ) کی چاکیں استعمال کر رہا ہے۔ یہ تین رنگ لبنانی جھنڈے کے ہیں۔
لبنانی نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ نیا عالمی ریکارڈ بیروت کے وسط میں اس تاریخی مقام سے نکلے۔

باسیل کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس کام کو بیروت بندرگاہ پر دھماکے کا شکار ہونے والوں کے نام کرے گا۔ تقریبا دو ہفتے بعد بیروت بندرگاہ دھماکے کو ایک سال پورا ہو جائے گا۔ اس خوف ناک واقعے میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں دارالحکومت بیروت کا ایک وسیع حصہ تباہ ہو گیا تھا۔

لبنان میں حالیہ برسوں میں گینز بک آف ریکارڈز میں شامل ہونے کی بہت سی کوششیں کی گئیں۔ ان میں لبنانی لوک رقص "دبکہ" کا سب سے وسیع حلقہ اور عربی پکوان "حمّص" کی سب سے بڑی ڈش شامل ہے۔