انڈونیشیا سے آنے والے 80 سعودی شہری اس وقت اپنے گھروں میں قرنطینہ کی حالت میں ہیں۔ انڈونیشیا میں سوہارتو کے ہوائی اڈے سے آنے والے یہ افراد پیر کی شام جدہ کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پہنچے تھے۔
انڈونیشیا میں سعودی عرب کے سفیر عصام الثقفی کا کہنا ہے کہ باقی رہ جانے والے سعودیوں کو لانے کے واسطے دوسری پرواز یکم اگست کو آئے گی۔ اس سلسلے میں جکارتا میں سعودی سفارت خانے اور سعودی ایئر لائنز کے درمیان رابطہ کاری عمل میں آئی۔
سعودی سفیر نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ سفارت خانے نے سعودیوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ 10 حالتوں کا پتہ چلایا۔ طبی رپورٹوں کے مطابق ان میں دو افراد کی حالت تشویش ناک ہے جو ڈیلٹا ویریئنٹ میں مبتلا ہیں۔ ان کے علاوہ 4 حالتیں زیر نگرانی ہیں اور 4 متاثرین کو صحت یابی کے بعد ہسپتال سے بھیج دیا گیا ہے۔
اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے ایک اعلان میں اپنے ہم وطنوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ انڈونیشیا میں کرونا کی وبا کی صورت حال بہتر ہونے تک وہاں کا براہ راست یا بالواسطہ سفر نہ کریں۔