.

خلیج کے مشہور فن کاروں کا ساتھ دینے کے لیے "سعودی کورل گرلز" گروپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں نوجوان لڑکیوں کے ایک گروپ نے "کورل" موسیقی کے طریقوں میں مہارت حاصل کی ہے۔ اس کا مقصد سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں مشہور ترین گلوکاروں اور فن کاروں کے لیے نغموں میں پس منظر میں اپنی آواز کو پیش کرنا ہے۔ گروپ نے اپنا نام "كورال بنات السعودية" (سعودی کورل گرلز) رکھا ہے۔ انہیں سنجیدگی کے ساتھ کام رکتے ہوئے دو سال پورے ہو گئے ہیں۔ اس دوران گروپ کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے واسطے متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔

گروپ کی نگراں رکن سمیہ الرفاعی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ اس گروپ کا خیال 2017ء میں آیا تھا۔ اس وقت سعودی عرب میں محفلوں کے لیے کوئی خواتین کرول گروپ مختص نہ تھا۔ لہذا فنی میدان میں ضرورت کے تحت جولائی 2019ء میں اس خیال پر عمل درامد کا فیصلہ ہوا۔ گروپ اس حوالے سے خوش قسمت رہا کہ اس کی پہلی شرکت جدہ سیزن کے دوران معروف فن کار راشد الماجد کی محفل موسیقی میں ہوئی۔ سمیہ کے مطابق "سعودی کورل گرلز" اپنے گروپ کے لیے ایک خصوصی نغمہ تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔

سعودی عرب کا خواتین کا پہلا کورل گروپ مملکت میں متعدد ثقافتی پروگراموں اور سرگرمیوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکا ہے۔ متعدد سعودی گلوکاروں نے گروپ کی صلاحیتوں اور کارکردگی و مہارت کی ستائش کی ہے۔