.

مکہ مکرمہ : جنرل ٹرانسپورٹ منصوبے کی بسوں کی تجرباتی آزمائش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے صوبے مکہ مکرمہ میں ترقیاتی اتھارٹی نے شہر کے سکریٹریٹ کے تعاون سے جنرل ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت ساتویں رُوٹ پر بسوں کی تجرباتی آزمائش کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ رُوٹ الرصیفہ کے علاقے میں حرمین ٹرین کے اسٹیشن سے شروع ہو کر مسجد حرام کے صحن کے نزدیک جبل عمر اسٹیشن پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔

اس منصوبے میں 240 عام نوعیت کی بسیں ہیں۔ ان میں ہر بس کی گنجائش تقریبا 85 افراد ہے۔ علاوہ ازیں 160 بڑی بسیں منگوائی گئی ہیں جن کی گنجائش 125 افراد تک ہے۔ ان کو دنیا میں بسیں تیار کرنے والی ایک اعلی ترین کمپنی نے تیار کیا ہے۔

مکہ بس پروجیکٹ کا مقصد جنرل ٹرانسپورٹ کے لیے بہترین ذریعہ پیش کرنا ہے۔ یہ منصوبہ متعدد رُوٹس پر مشتمل ہے۔ اس میں مکہ کے مختلف علاقوں کے بیچ پھیلی ہوئی مرکزی اور ذیلی شاہ راہیں شامل ہیں۔ اسی طرح یہ منصوبہ مکہ مکرمہ کی سڑکوں اور راستوں پر ٹریفک کے حجم ، ماحولیاتی آلودگی اور توانائی کے استعمال کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔