.

مصری صدراورڈائریکٹر سی آئی اے کامشرقِ اوسط اور افغانستان کی صورت حال پرتبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے )کے سربراہ ولیم برنز نے اتوار کو قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے اوران سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں ، لیبیا اور افغانستان کی تازہ صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

مصری ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر السیسی اور ولیم برنز نے باہمی دلچسپی کے علاقائی امور بالخصوص مشرقِ اوسط اور افغانستان میں کشیدگی کے علاوہ ایتھوپیا میں تعمیر کیے جانے والے نشاۃ ثانیہ ڈیم اور مغربی ہمسائے لیبیا کی صورت حال کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

واضح رہے کہ مصر امریکا سے اسرائیل کے بعد سب سے زیادہ امدادوصول کرنے والادوسراملک ہے اور خطے میں اس کا ایک اہم اتحادی ہے۔مصرہی نے مئی میں غزہ میں اسرائیل اورحماس کے درمیان گیارہ روزہ جنگ کے بعد سیزفائر کرایا تھا۔

مصر ایتھوپیا کی جانب سے دریائے نیل پر بڑے ڈیم کی تعمیر کے خلاف امریکا کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔مصر کا مؤقف ہے کہ اس ڈیم کی تعمیر سے اس کے دریائی پانی کے حقوق بری طرح متاثر ہوں گے اورڈیم کی بدولت ایتھوپیا اس کے حصے کا پانی بھی اپنے استعمال میں لے آئے گا۔

ولیم برنز آکسفورڈ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اسکالر ہیں۔وہ مصر اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر ایک کتاب کے مصنف بھی ہیں۔انھوں نے گذشتہ ہفتےاسرائیل اورغربِ اردن کا دورہ کیا تھا۔