سعودی عرب: گندے کپڑوں میں سفرپر پابندی، معذوروں کے لیے کرائے میں رعایت
مملکت میں پبلک ٹرانسپورٹ اور مسافروں کے لیے نیا ضابطہ اخلاق جاری
سعودی عرب کی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے صارفین کے حقوق اور ذمہ داریوں سے متعلق نیا ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے جس میں مسافروں کوٹرانسپورٹس گاڑیوں پر سفر کے لیے بھی ضابطے وضع کیے گئے ہیں۔ ضابطہ اخلاق میں واضح کیا گیا ہے کہ گندے، بدبودار کپڑوں کے ساتھ اسٹیشن میں داخل ہونا منع ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو اس بات سے آگاہ ہونا چاہیے کہ انہیں غیر مناسب کپڑے پہن کر سفر کرنے کی اجازت نہیں۔ عوامی ذوق یا اخلاقیات کے منافی لباس، رویے، دوسروں کو ہرساں کرنے والے الفاظ، جذبات کو مجروح کرنے والے طرز عمل، نا مناسب مواد دکھانے اور اخلاقی حدود وقیود کو پامال کرنے والے کپڑے پہننے کی اجازت نہیں۔
فوٹو گرافی اور اشتہار لگانے پرپابندی
ضابطے میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو اجازت کے بغیر لوگوں یا دوسرے مسافروں کی تصاویر یا ویڈیو کلپس ریکارڈ کرانے کی اجازت نہیں۔ اگر کوئی ایسا کرنا چاہتا ہے تو اسے دوسرے لوگوں سے اس کی اجازت لینا ہوگی۔ مسافروں کو بغیر اجازت کے ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے اندر کسی قسم کے اشتہار چسپاں کرنےاسٹیشنوں یا دیگر مقامات پر اشتہار تقسیم کرنے ممانعت ہوگی۔
معذور افراد کو سروس فراہم کرنا کب ممنوع ہے؟
ریگلولیشن ڈرافٹ کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کے مالکان کوبسوں اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں ایسے لازمی ٹولز اور آلات لگانا ہوں گے جن کی مدد سے معذور افراد کو سفر میں آسانی مل سکے۔ انہیں حفاظت اور سلامتی کے ساتھ سفر کا موقع ملے۔ کسی گاڑی کو کسی بھی معذور شخص کو سروس فراہم کرنے سے انکار کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
بس مالکان یا انتظامیہ معذور افراد کو مناسب سروس فراہم کرنے پر اس صورت میں معذرت کر سکتا ہے جب ٹرانسپورٹ یا انفراسٹرکچر کے ذرائع کا ڈیزائن معذور افراد کی خصوصی ضروریات کے مطابق نہ ہو جس کی وجہ سے انہیں سروس فراہم کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔
معذور افراد کے لیے رعایت
ڈرافٹ ریگولیشن میں معذور اور محدود نقل و حرکت کے مسافر اور اس کے ساتھی کو رعایت دینے پر زور دیاگیا ہے۔ اتھارٹی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ٹکٹوں کی مختص قیمتوں میں معذور مسافروں کو چھوٹ دی جائے گی۔