کرونا وائرس

سعودی عرب: سائینوویک اور سائینوفارم ویکسین منظور

پاکستان سمیت 20 ممالک سے براہ راست سفر پر پابندی ختم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب نے ملک میں چینی ساختہ کرونا ویکسین سائنوویک اور سائنوفارم کی منظوری دے دی ہے جب کہ پاکستان سمیت 20 ممالک پر عائد سفری پابندیاں بھی اٹھا لی گئی ہیں۔

اس سے قبل سعودی عرب میں ایسٹرا زینیکا، فائزر، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا ویکسینز کی منظوری دے دی گئی تھی۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے SinoVac یا SinoPharm ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوائی ہوں ان کے ویکسین سرٹیفیکیٹ کو مملکت میں قبول کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ کہ انہوں نے منظور شدہ ویکسین کا بوسٹر ٹیکہ بھی لگوا لیا ہو۔

وزارت نے اس سے قبل کہا تھا کہ دو مختلف ویکسینز کی دو خوراکیں لی جاسکتی ہیں۔

وزارت نے مزید کہا کہ موجودہ سفارشات کے مطابق دوسری خوراک پہلی خوراک کے کم از کم تین ہفتوں بعد لی جا سکتی ہے جب کہ کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے والے افراد کو ویکسین کی دو خوراکیں ملنی چاہئیں، پہلی انفیکشن کے کم از کم 10 دن بعد دوسری کم از کم تین ہفتوں کے بعد۔

اگر پہلی خوراک لینے کے بعد انفیکشن ہوا تو دوسری خوراک انفیکشن کے کم از کم 10 دن بعد دی جا سکتی ہے۔

سعودی عرب میں کرونا وباء

سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں منگل کے روز 353 نئے کیسز اور سات ہلاکتوں کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 42 ہزار 707 ہوگئی اور ہلاکتیں نو ہزار کے قریب ہیں۔

سعودی عرب میں اب تک تین کروڑ 46 لاکھ سے زیادہ کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کو مکمل طور پر ویکسین دی گئی ہے۔

کرونا کی سفری پابندیاں ختم

دوسری جانب سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک سے غیر ملکیوں کے ملک میں براہ راست داخلے پر پابندی ختم کر دی ہے۔یہ فیصلہ فروری میں وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لیا گیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ مملکت میں واپس آنے کے خواہشمند افراد کو تمام مراحل سے گزرنا ہو گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ انفیکشن سے پاک ہیں۔

جن ممالک سے غیر ملکیوں کے لیے سعودی عرب میں براہ راست داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی ان میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات، مصر، لبنان، ترکی، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، آئرلینڈ، پرتگال سوئٹزرلینڈ، سویڈن، برازیل، ارجنٹائن، جنوبی افریقہ، انڈونیشیا اور جاپان شامل تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں