.

ابوظہبی: سائنوفارم ویکسین لگوانے والے افراد کو بوسٹر ٹیکے لگوانا ہوں گے

20 ستمبر کے بعد بوسٹر نہ لگوانے والے افراد کا عوامی مقامات پر داخلہ ممنوع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ جن افراد نے چھ ماہ سے زائد عرصہ قبل سائنوفارم ویکسین کی دو خوراکیں لگوائیں تھی انہیں بوسٹر ٹیکے لازمی لگوانا ہونگے۔

ابو ظہبی میڈیا آفس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری ہدایات میں بتایا گیا کہ "ایسے افراد جنہوں نے چھ ماہ قبل سائنوفارم کا دوسرا ٹیکا لگوا لیا تھا وہ اپنی قوت مدافعت کو بہتر بنانے اور ویکسین پروٹوکول کے عین مطابق بوسٹر [اضافی] کرونا ویکسین لگوا لیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ "ایسے افراد کو صحت کی 'الحصن موبائل ایپ' پراپنا ویکسین یافتہ سٹیٹس برقرار رکھنے کے لئے 20 ستمبر 2021 تک اضافی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ بوسٹر ٹیکے لگوا سکیں۔

20 ستمبر کے بعد ان کا الحصن ایپ پر 'گرین سٹیٹس' ختم ہوجائے گا جس کے بعد انہیں عوامی مقامات پر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یو اے ای میں کرونا ویکسین یافتہ افراد کے لئے سرکاری سطح پر 'الحصن ایپ' جاری کی گئی ہے جو ہر فرد کے ویکسین لگوانے کی ٹریکنگ کرتی ہے۔

اس سے قبل گذشتہ ہفتے کے دوران ابو ظہبی صحت سروسز کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بچے، بزرگ اور یو اے ای کے ریزیڈنٹ کسی اپائنٹمنٹ کےبغیر تمام ویکسینیشن مراکز میں جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔