غروب آفتاب اور طلوع آفتاب کے مناظر ویسے بھی کافی دلکش ہوتے ہیں اور سعودی عرب کے جنوب میں الباحہ کے پہاڑوں کے مناظر دلکشی اور اپنے قدرتی حسن میں اپنی مثال آپ ہیں۔
سعودی عرب کے ایک مقامی فوٹو گرافرنے عقبہ الباحہ کے قدرتی اور فطری معجزات کو تصاویر کی شکل میں پیش کرکے علاقے کے قدرتی حسن کو آشکار کیا ہے۔

فوٹو گرافرعبدالعزیزالغامدی نے ’عقبہ الباحہ‘ کےعلاقے میں اور وادی تہامہ پر پھیلے ہوئے موڑ دار راستوں کی تصویر کشی کی ہے۔
الغامدی الباحہ کے علاقے کے رہائشی ہیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عقبہ الباحہ ایک اہم ثقافتی کامیابی اور منفرد سیاحتی مقام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس علاقے کی مختلف طریقوں سے تصاویر لی ہیں۔
الغامدی نے کہا کہ عقبہ الباحہ روڈ تہامہ اور السراۃ روڈ کو آپس میں ملاتی ہے۔ اس سڑک کے اطراف میں المخواۃ، قلوۃ، جراد بنی علی، نمرہ، ناوان اور الملظیف جیسے مقامات واقع ہیں۔ اس کے علاوہ عقبہ کے علاقے کی تہامہ اور السراۃ تک لمبائی 40 کلو میٹر ہے۔
اس نے بتایا کہ میں نے عقبہ الباحہ کی پیشہ وارانہ بنیادوں پر تصاویر کے لیے2013 میں کیمرہ لیا۔ اس کے بعد میں نے وادی الباحہ کے پہاڑوں،وادیوں، آبشاروں اور غروب و طلوع آفتاب کے مناظر کی تصویر کشی شروع کی۔