.

سعودی عرب اورعراق میں میری ٹائم ٹرانسپورٹ میں تعاون سے متعلق سمجھوتا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب اورعراق میں میری ٹائم ٹرانسپورٹ میں تعاون کے فروغ سے متعلق سمجھوتا طے پاگیا ہے۔

سعودی عرب کے وزیربرائے ٹرانسپورٹ اورجنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین انجنیئر صالح بن نصر الجسر اور عراق کے وزیربرائے ٹرانسپورٹ ناصرالشبلی نے جمعرات کو اس سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’’یہ سمجھوتا سعودی ،عراقی رابطہ کونسل کے تحت مختلف سلسلہ وار اقدامات کا حصہ ہے۔اس کا مقصد مملکت سعودی عرب اور جمہوریہ عراق کے درمیان تزویراتی سطح پرتعاون کو بڑھانا ہے۔نیز مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے پہلوؤں کی تلاش ہے۔‘‘

اس سمجھوتے سے دونوں ملکوں کے درمیان مال بردار بحری جہازوں اور مسافر بحری جہازوں کی نقل وحرکت میں اضافہ ہوگا اوردوطرفہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔

دونوں وزراء نے بندرگاہ تک رسائی کے طریقوں اور علاقائی پانیوں میں جہازرانی کے حادثات سے نمٹنے سے متعلق امورپربھی تبادلہ خیال کیا ہے۔اس ڈیل سے جہازراں کمپنیوں اورجہازوں کو سہولت مہیا کرنے میں مدد ملے گی۔