.
یمن اور حوثی

خمیس مشیط پرحوثیوں کے تین ڈرون حملے ناکام، ڈرون تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے محکمہ دفاع نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط پر کیے گئے ڈرون حملے پسپا کرتے ہوئے تینوں بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کردیا ہے۔

جمعرات کو سعودی عرب کے محکمہ دفاع نے حوثی ملیشیا کے خمیس پر ایک ڈرون طیارے کو تباہ کرنے کی تصدیق کی۔ قبل ازیں عرب اتحادی فوج نے دو بمبار ڈرون طیارے تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دونوں ڈرون طیارے خمیس مشیط پرحملے کے لیے بھیجے گئے تھے۔

سعودی عرب کے محکمہ دفاع اور عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سےایک سوچھےسمجھے منصوبے کے تحت شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے شہری آبادی پر کیے جانے والے حملوں کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہےہیں۔ عرب اتحادی فوج انتہائی احتیاط کے ساتھ شہریوں کے کم سے کم جانی نقصان کو یقینی بنانے کی کوشش کے تحت حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے۔

گذشتہ اتوار کوسعودی عرب کی وزارت دفاع نے مملکت پرحوثیوں کے تین بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنا دیے تھے۔ ان حملوں میں دو بچے زخمی ہوئے جبکہ 14 گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔

حوثی ملیشیا کی طرف سے مملکت کی شہری آبادی اور حساس اقتصادی اہمیت کے حامل مقامات اور تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے۔ عرب ممالک اور عالمی برادری کی شدید مذمت کے باوجود حوثی ملیشیا سعودی عرب کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔