.

شاہ سلمان کی ہدایت پر وزٹ ویزوں اور اقاموں کی میعاد میں بلامعاوضہ توسیع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی عرب کے جنرل پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے مملکت سے باہر کے تارکین وطن کے اقامے کی مدت اور وزٹ ویزوں کی میعاد میں 30 نومبر 2021ء تک خود کار طریقے سے بلافیس توسیع شروع کر دی ہے۔

ویزوں کی میعاد میں بلا معاوضہ توسیع ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب سعودی عرب کے وزیر خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت ’کووِڈ-19‘ کے اثرات اور نتائج سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جاری رکھے گی۔ ویزوں اور اقاموں کی مدت میں توسیع بھی مملکت کی حکومت کی طرف سے کی جانے والی مسلسل کوششوں کے فریم ورک کا حصہ ہےتاکہ احتیاطی تدابیر کے تحت شہریوں اور غیرملکی باشندوں کی حفاظت کی ضمانت دی جائے اور وبا کے معاشی اور مالی اثرات کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔

پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ ویزوں کی میعادمیں توسیع قومی معلومات مرکز کے تعاون سے خود کار طریقے سے کی جائے گی۔ اس کے لیے پاسپورٹ ڈائریکٹوریت کے ہیڈ کوارٹر جانے کی ضرورت نہیں۔

اس ضمن میں مملکت سے باہرکے ان ممالک کے مکینوں کے اقامے اور واپسی کے ویزوں کی مدت میں 30 نومبر 2021ء تک توسیع کی جائے گی جن کے ساتھ سعودی عرب کی فضائی آمد ورفت معطل نہیں ہے۔

مملکت سے باہر آنے والے زائرین کے وزٹ ویزے کی مدت میں بھی 30 نومبر تک توسیع کی جائے گی، بہ شرطیکہ ان ممالک کے شہریوں پرکرونا وبا کی وجہ سے آمد ورفت پر پابندی نہ ہو۔