نابلس:فلسطینی کلینک میں پالتوجانور اب لاڈ پیارسے لطف اندوز ہوسکتے ہیں!
اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں جانوروں کی نگہداشت کے لیے ایک نیا کلینک کھول دیا گیا ہے جہاں پالتو جانوروں کو لاڈ پیار سے رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ کلینک فلسطینیوں میں پالتو جانوروں کی پرورش اور انھیں لاڈپیار سے رکھنے کےبڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
نابلس شہر میں جانوروں کے ڈاکٹراحمد العماد نے’رائل کیئر ویٹ کلینک‘ کے نام سے یہ نیا شفاخانہ کھولا ہے۔ یہ فلسطینی علاقوں میں ان چند سہولیات میں سے ایک ہے جہاں بلیوں، کتوں اور دیگر پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کی خدمات پیش کی جاتی ہیں اور ان کے مالکان کے سفر کے دوران بھی انھیں اس کلینک میں مہمان کے طور پر رکھا جاسکتا ہے۔
حالیہ برسوں میں دریائے ارادن کے مغربی کنارے کے علاقے اورغزہ کی پٹی میں پالتوجانوروں کو رکھنے کا رجحان کچھ زیادہ عام ہوگیا ہے۔بعض فلسطینی سپر مارکیٹوں میں اب جانوروں کی خوراک اور لوازمات کے مختص حصے بھی موجود ہیں۔
ڈاکٹرعمادکا کہنا ہے کہ ’’انھوں نے یہ منصوبہ مارکیٹ میں خدمات کی زیادہ مانگ کے پیش نظر شروع کیا ہے۔یہ ایک نجی منصوبہ ہے مگراس کے باوجود ہم بیمار یا لاغرآوارہ جانوروں کو وصول کرنے اورانھیں طبی خدمات مہیا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔‘‘
غزہ کی پٹی میں بالخصوص فلسطینیوں میں عسکریت پسندوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان مسلح تنازعات کے دوران میں آسودگی کے لیے گھریلوپالتوجانوروں کو رکھنے کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہواہے اور مالکان اپنے پالتوکتوں کو ساتھ لے کر اکثرسیرکرتے یا چلتے ہوئے نظرآتے ہیں۔