.

امارات ائیرلائن کرونا کے بعد اڑان کے لئے تیار، 3000 فضائی عملے کی بھرتی شروع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی امارات ائیرلائن نے کرونا وائرس کی وجہ سے فضائی عملے اور ہوابازوں کو نوکری سے فارغ کرنے کے ایک بعد ایک بار پھر سے دنیا بھر سے 3000 فضائی عملے کی بھرتی کا عمل شروع کیا ہے۔

ایمریٹس کی جانب سے سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ کمپنی بڑی تعداد میں بھرتیاں کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور ان میں دبئی مرکز کے لئے 500 معاون عملہ بھی ہوگا جو کہ آپریشنز کی بحالی میں مدد دے گا۔

فضائی کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تمام بھرتیاں چھ ماہ کے اندر مکمل کر لی جائیں گی۔

کرونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی کمپنیوں میں فضائی کمپنیاں خاص طور پر شامل ہیں، جنہیں عملے کو نوکری سے برخاست کرنے کے علاوہ حکومت سے مالی مدد بھی حاصل کرنا پڑی۔

جون 2020 میں امارات ائرلائن نے ہزاروں نوکریاں ختم کرتے ہوئے بقیہ ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ ایک ماہ بعد کچھ پائلٹوں اور فضائی عملے کو چار ماہ تک کی بغیر تنخواہ چھٹی کی پیشکش کی گئی تھی۔

دبئی ایکسپو 2020 کے موقع پر سفر

امارات ائیر لائن کو امید ہے کہ دبئی میں ہونے والی ایکسپو 2020 کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں لوگوں کی آمد و رفت بڑھنے کے ساتھ کمپنی کے مسافروں میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔

امارات کی نئی نوکریوں میں دبئی میں ملازمتوں کا حوالہ دیا گیا ہے اور صارفین کے ساتھ رابطے میں رہنے والی نوکریوں کی بھرتی کی جارہی ہے ۔