.

سعودی علما کا مملکت کی وحدت اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے متحد ہونے کی 91 ویں سالگرہ کے موقع پر کل جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے خطبوں میں آئمہ کرام اور علما نے ملک کی وحدت اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی وحدت اور یکجہتی میں مملکت کی خوش حالی، ترقی اور استحکام پنہاں ہے۔

سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کی ہدایات پر علما کرام نے مساجد کے ذریعے ملک کی وحدت اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز مرحوم کی مساعی سے ملک کی وحدت کے 91 سال پورے ہونے کے موقعے پر علما پر زور دیا کہ وہ منبر و محراب سے عوام میں ملک کی وحدت، قومی یکجہتی اور روشن خالی و واعتدال پسندی کا درس دیں۔

حب الوطنی کا جذبہ

جمعہ کے اجتماعات سے خطاب میں علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ وطن عزیز سے محبت پیدا کرنا اور وطن سے تعلق مضبوط رکھنا شرعی فرائض میں شامل ہے۔ ہمیں معاشرے کے تمام طبقات کو یکجا کرنے اور ان میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات پیدا کرنے کی رضا کارانہ کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

مقررین نے ان عظیم کوششوں کا بھی تذکرہ کیا جو سلطنت کے بانی بادشاہ شاہ عبدالعزیز اور ان کے بعد ان کے بیٹوں کی طرف سے مملکت کو متحد رکھنے کے لیے کی گئیں۔ علما نے مملکت کی قیادت کی طرف سے قومی یکجہتی کے لیے وضع کردی پالیسیوں کو بھی سراہا۔