.

مسجد حرام کا نیا توسیع شدہ حصہ نمازیوں اور زائرین کے لیے تیار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے’صدارت عامہ برائے امور حرمین‘ نے جاری عمرہ سیزن کے دوران بیت اللہ میں نمازیوں اور زائرین کی تعداد میں اضافے کے بعد شاہ فہد توسیعی پروجیکٹ کی پہلی منزل اور چھت زائرین کے لیے تیار کرلی ہے۔ اس سہولت کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے بہترین اورمعیاری خدمات فراہم کرنا ہے۔

مسجد حرام میں دروازوں کے امور کے ڈائریکٹر فہد المالکی نے بتایا کہ ان کے ادارے نے نمازیوں اور عمرہ زائرین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

زائرین کے لیے شاہ فہد توسیعی حصے کی پہلی منزل اور چھت کو تیار کرلیا گیا ہے۔ دروازوں پر 100 دربان مقرر کیے گئے ہیں جو دروازوں کو کھولنے بند کرنے، باب شاہ فہد کی سیڑھی اور باب 74 اور 83 کی سیڑھی کو آپریٹ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عازمین عمرہ اور زائرین کو کرونا ایس اوپیز کی روشنی میں سہولیات دی گئی ہیں۔