سعودی عرب کے دورے پر آئی لیبیا کی خاتون وزیر خارجہ نجلا المنقوش نے کل جمعرات کو الریاض میں سعودی وزارت خارجہ کے دفتر میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ملاقات کی۔
سعودی پریس ایجنسی "ایس پی اے" کے مطابق ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے وزرا خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں اور مشترکہ مفادات کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں فریقوں نے لیبیا میں سلامتی اور استحکام کی بنیاد رکھنے اور مزید ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھنے کے لیے تمام ذرائع اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ دونوں نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔