آج پانچ اکتوبر منگل کے روز پوری دُنیا میں استاد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے بھی استاد کے عالمی دن کے موقعے پراستاد کے شایان شان سرگرمیوں کے ذریعے اس دن کو بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے مُملکت میں استاد کے عالمی دن کے موقعے پر’استاد تعلیم کا دھڑکتا دل‘ کے عنوان سے سرگرمیوں کا اعلان کیا ہے۔ اس عنوان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مملکت اساتذہ کو کتنی زیادہ اہمیت دیتی اور ان کا احترام یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

وزارت تعلیم نے استاد کے عالمی دن کے موقعے پر جو عنوان چنا ہے وہ مردو خواتین اساتذہ کے علم کےفروغ میں کردار کے اعتراف، ان کی علمی مساعی، بالخصوص مستقبل کی نئی نسل کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور نئی نسل کو معاشرے کا کارآمد شہری بناتے ہوئے معاشرے کی تعمیر ترقی میں استاد کے کردار کا اعتراف ہے۔
استاد کے عالمی دن کے موقعے پر ویسے تو ملک بھر میں اساتذہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں مگر دارالحکومت الریاض میں وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد بن آل الشیخ کی زیرصدارت اساتذہ کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں ان اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے جنہوں نے کرونا وبا کے دوران کامیابی کے ساتھ اپنا مشن جاری رکھا۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے وزارت تعلیم کے شعبے کے لیے تیار کی گئی’مدرستی‘ ایپ کو فعال طریقے سے استعمال کرنے میں انتظامیہ کی مدد کی اور تعلیمی اداروں میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں کما حقہ ادا کیں۔