.

سعودی ولی عہد کی نومنتخب جاپانی وزیر اعظم کو پارٹی انتخابات میں جیت پر مبارکباد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپان کے نو منتخب وزیر اعظم فومیو کیشیدا کو حکمران جماعت کے انتخابات میں کامیابی پر تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد نے اپنے پیغام میں جاپانی عوام کی کامیابی، ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

فومیو کیشیدا پیر کے روز جاپان کے 100 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں۔

شنزو آبے کی کابینہ میں وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز رہنے والے کیشیدا نے حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔

اس سے قبل ماہ ستمبر کے اوائل میں جاپان کے سابقہ وزیر اعظم یوشیدے سوگا نے ملک میں کرونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پارٹی میں انتخابات کروانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

جاپان کے نومنتخب وزیر اعظم نے 31 اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کرونا وائرس کے خلاف موثر پالیسی اپنانےکا اعلان کیا ہے۔ فومیو کیشیدا کا تعلق ہیروشیما سے ہے اور وہ کیرئیر بینکر رہ چکے ہیں۔

فومیو کیشیدا کی کابینہ میں سابقہ وزیر اعظم شینزو آبے کے اتحادیوں کے چہرے دکھائی دینگے۔آبے کی کابینہ میں وزیردفاع نوبیو کیشی اور وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی اپنے سابقہ عہدوں پر ہی قائم رہیں گے۔