سلطنت عمان میں دو روز تک شدید بارشوں اور سیلابی صورت حال کے بعد سمندری طوفان "شاہین" کی شدت میں بڑی حد تک کمی آ گئی۔ تاہم اس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی۔ عُمان کے ہنگامی حالات کے ادارے کے مطابق اس دوران میں کم از کم 11 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
علاوہ ازیں طوفان کی کارستانی ظاہر کرنے کے لیے لی گئی فضائی تصاویر میں دھچکا پہنچانے والے مناظر سامنے آئے ہیں۔ تصاویر میں کئی علاقے پوری طرح پانی میں ڈوبے دکھائی دے رہے ہیں۔
ہنگامی حالات سے نمٹنے والے قومی کمیشن کے اعلان کے مطابق الباطنہ صوبے میں گذشتہ روز 7 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ متعدد لا پتہ ہیں۔ اس سے قبل اتوار کے روز بھی 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
عُمان کی فضائیہ نے گذشتہ روز پیر کو ملک کے شمالی ساحل پر پھنسے ہوئے شہریوں کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا۔
طوفانی بارشوں کے سبب کئی علاقوں میں درخت گر گئے اور سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ تاہم دارالحکومت مسقط میں آج منگل کے روز صورت حال معمول کے قریب آ گئی ہے۔
عُمان کی شہری ہوابازی کی اتھارٹی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ "شاہین طوفان کے براہ راست اثرات اختتام کو پہنچ چکے ہیں"۔