سعودی عرب میں جمعے کی شام جازان کے ساحل پر موجود لوگوں نے سمندر میں طوفانی بگولا دیکھا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے لوگوں سے کوچ کر جانے اور محتاط رہنے مطالبہ کیا۔ بہت سے لوگوں نے اس بگولے کی تفصیلات بتائیں جب کہ سوشل میڈیا پر اس انوکھے منظر کی وڈیوز وسیع پیمانے پر پھیل گئیں۔
موسم کے امور کے ماہر عبدالعزیز الحصینی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے باور کرایا کہ جازان میں جمعے کے روز مغرب کے وقت سے پہلے نمودار ہونے والے بگولے کے ساتھ تند و تیز ہوا اور شدید بارشیں بھی ہوئیں۔ الحصینی کے مطابق جازان، نجران، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ صوبوں کے کچھ حصوں پر مزید بارشوں کی توقع ہے۔
جمعے کے روز جازان میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد صوبے کی متعدد وادیوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی۔ اس موقع پر شہری دفاع کے ادارے نے مطلوبہ اقدامات کر لیے۔ ساتھ ہی لوگوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔
جازان صوبے کے قائم مقام گورنر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز نے موسم کی صورت حال اور موسلادھار بارشوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور ضلعی ذمے داروں کو ہدایت جاری کی کہ بارشوں اور سیلابی صورت حال پر روک لگانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔