سعودی عرب میں دمام پولیس نے معمر شخص کو زدوکوب کرنے اور اس کے خلاف فرقہ واریت پر مبنی جملہ کسنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق ملزم کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس میں اسے ایک معمرشخص کو زد و کوب کرتے اور فرقہ واریت پر مبنی جملے کستے ہوئے دکھا جاسکتا تھا۔

وڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے ملزم کی شناخت کےلیے متعلقہ ادارے کی مخصوص ٹیم سے رجوع کیا تاکہ ملزم کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جاسکیں۔
ملزم کی شناخت اور علاقے کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے بعد پولیس ٹیم نے اسے گرفتار کرلیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم سعودی شہری ہے جو عمر کے چوتھے عشرے میں ہے۔
ملزم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے بعد اسے متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد مقدمہ فوجداری عدالت میں بھیجا جائے گا۔