.
ایکسپو 2020

امارات ائیرلائن کا A380 طیارہ ایکسپو اور شیخ زاید روڈ کے اوپر نیچی پرواز کرے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی کی امارات ائیرلائن نے اعلان کیا ہے کہ بدھ اور جمعرات کے روز شہر کی شیخ زاید روڈ اور ایکسپو 2020 کے اوپر سے خصوصی A380 طیارے کی انتہائی نیچی پرواز گزاری جائے گی۔

یہ پرفارمنسز صبح 5 سے 8 بجے کے درمیان شہر کی مرکزی شاہراہ شیخ زایدروڈ اور ایکسپو 2020 کے اوپر دیکھی جاسکیں گی۔

امارات ائیرلائن نے اپنے خاص طیارے پر روایتی سفید اور سنہری پینٹ کی جگہ نیلا رنگ کیا ہے جس پر ہرے، نارنجی، گلابی، جامنی اور لال رنگ کے گرافکس لگائے گئے ہیں اور ایکسپو 2020 دبئی کا منفرد لوگو بھی بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اس A380 طیارے کے اوپر خصوصی 'دبئی ایکسپو' اور 'آئیں جادو کا حصہ بنیں' کے پیغامات درج کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انجن کے اوپر دبئی ایکسپو کی تاریخوں کا بھی اندراج کیا گیا ہے۔

امارات ائیرلائن کی انتظامیہ نےلوگوں کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہوئے لوگوں کو خبردار کیا کہ ڈرون کیمروں کا استعمال نہ کریں اور اماراتی سول ایوی ایشن حکام کی ہدایات کے مطابق نو فلائی زون میں ڈرون اڑانے سے اجتناب کریں۔

ائیرلائن کے مطابق یہ فلائی اوور پروازیں ایک خاص منصوبے کا حصہ ہیں جس کی تفصیلات جلد عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

ایکسپو 2020 دبئی مشرق وسطیٰ میں منعقد کیا جانے والا پہلا عالمی ایکسپو ہے۔یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے اس میگا ایونٹ میں 190ممالک حصہ لے رہے ہیں۔

کرونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد دنیا کا یہ سب سے بڑا عوامی اجتماع 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گا۔