.

سعودی عرب میں ڈیجیٹل گیمز میں مہارت کے لیےایسوسی ایشن کا قیام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں ڈیجیٹیل گیمز کے ضابطہ اخلاق کو متعین کرنے اوراس میں مہارت کے لیے ایک تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ تنظیم نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے خلیجی خطے میں اپنی نوعیت کی منفرد اور پہلی ایسوسی ایشن ہے۔

اس میں ڈیجیٹل گیمزکے ماہرین کا ایک گروپ شامل ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل گیمز کی صنعت کو فروغ دینا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے ڈیجیٹل گیمز ایسوسی ایشن کے بانی اور گیمز انڈسٹری کے تکنیکی گروپ کے رہ نما انجینیر حسین الجریبی نے کہا کہ یہ تنظیم ایک غیر منافع بخش سول ایسوسی ایشن کے طورپر کام کرے گی۔ جسے ڈیجیٹل گیمز سیکٹر اپنے مختلف پیشہ ورانہ اور تخلیقی شعبوں ، وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی نگرانی میں چلایا جائے گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ دُنیا بھر میں ڈیجیٹل گیمز سیکٹرکی ترقی، لوگوں میں ان کی مقبولیت، پھیلاؤ، کمپنیوں کے قیام اور شعبے میں ہونےوالی سرمایہ کاری نے اسے ایک بڑے تفریحی سیکٹر کے طورپر پیش کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایک ایسی تنظیم کی داغ بیل ڈالی ہے جو ڈی جیٹل گیمز کے شعبے میں ماہرین کی خدمات فراہم کرے گی اور اس سے الیکٹرانک گیمز میں دلچسپی رکھنے والے مردو خواتین کو رہ نمائی ملے گی۔

حسین الجریبی نے کہا کہ ایسوسی ایشن کا مقصد معاشرے کے افراد میں ڈیجیٹل گیمز کھیلنے کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، اس میں دلچسپی رکھنے والے اور اس کی صنعت کے شعبے میں کام کرنے کے خواہش مند افراد کو سپورٹ کرنا، قومی ترقی میں ڈیجیٹل گیمز کو فعال کرنا اور اس کے مختلف شعبوں میں ای اسپورٹس پریکٹیشنرزاورڈیجیٹل گیمزاور اینیمیشن کے ڈویلپرز کے ذریعے لوگوں کی رہ نمائی اور مدد کرنا ہے۔

الجریبی نے مزید کہا کہ "ڈیجیٹل گیمز ایسوسی ایشن" کا بورڈ آف ڈائریکٹرز مُملکت کے مقامی ٹیلنٹ پر مشتمل ہے جو ڈیجیٹل گیمز کے میدان سے متعلق بہت سے تجربات رکھتے ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ایسوسی ایشن سعودی عرب میں ڈیجیٹل گیمزکی فیلڈ کو سپورٹ کرنے کے لیے کئی اقدامات اور سرگرمیاں شروع کرنے کی کوشش کرے گی۔ جن میں گیم ڈویلپمنٹ کے کورسز ، گیمز کھیلنے کے تعلیمی کورسز ، کھلاڑیوں کی تربیت اور تربیت کے لیے منی ٹورنامنٹ اور میٹنگز شامل ہیں۔