.

الریاض میں منگل کو گم ہونے والی بچی مل گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کئی گھنٹوں کی مسلسل تلاش کے بعد ریاض میں سیکیورٹی حکام نے 11 سالہ لاپتہ لڑکی نوف القحطانی کو تلاش کرلیا۔ نوف منگل کی صبح اس وقت لاپتہ ہو گئی تھی جب وہ کچرا پھینکنے کے لیے اپنے گھر سے باہر نکلی تھی۔ بچی کے گھر نہ لوٹنے پراس کے والدین نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد سیکیورٹی ادارے حرکت میں آگئے تھے۔

ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ علاقے میں پولیس نے ایک بچی کی گم شدگی کے بارے میں رپورٹ کے بعد چھان بین شروع کی۔ تلاشی کاعمل تیز کرنے کے نتیجے میں ہم بچی کو تلاش کرنے میں کامیاب رہے۔ بچی بالکل ٹھیک ٹھاک ہے۔

عہدیدار نے مزید کہا کہ حکام نے واقعے کے بعد تمام ابتدائی قانونی طریقہ کار مکمل کر لیا۔

نوف القحطانی کی گم شدگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر بھی کافی بحث ہوئی اور شہریوں نے نوف کی تلاش میں ہرممکن مدد فراہم کرنے پر زور دیا۔ بچی الریاض کی موسیٰ کالونی سے غائب ہوگئی تھی۔

ٹوئٹر پر ٹویٹ کرنے والوں نے اس کی تلاش کے لیے’ ہیش ٹیگ #لاپتہ_نوف_القحطانی‘ کے عنوان سے یکجہتی مہم کا آغاز کیا جس میں شہریوں سے لاپتا بچی کے بارے میں معلومات دینے اور اس کی تلاش میں مدد کی اپیل کی گئی۔

لڑکی نوف کے بھائی ثانی القحطانی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کو بتایا کہ ان کا خاندان جنوبی سعودی عرب کے الحرجہ علاقے سے دارالحکومت کے ایک اسپتال میں والد کے طبی معائنےکے لیے ریاض آیا تھا۔

اس نے مزید بتایا کہ پیر کی صبح بچی کچرا پھینکنے کے لیے گھر سے باہر گئی اور واپس نہیں آئی۔ تاہم پولیس نے چند گھنٹے کی تلاش کے بعد لڑکی کو تلاش کرلیا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا لڑکی کہاں غائب ہوگئی تھی۔