سعودی وزیر خارجہ اور یورپی رابطہ کار کے بیچ ایرانی جوہری پروگرام پر بات چیت
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فيصل بن فرحان بن عبدالله نے جمعرات کے روز ریاض میں یورپی یونین کے ذمے دار انریکی مورا سے ملاقات کی۔ مورا ایران کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے یورپی یونین کے رابطہ کار ہیں۔
ملاقات میں دونوں شخصیات کے بیچ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق بات چیت اور ایران کی جانب سے اس سلسلے میں بین الاقوامی سمجھوتوں کی عدم خلاف ورزی کو یقینی بنانے کے واسطے بین الاقوامی کوششیں زیر بحث آئیں۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جانبین نے مشرق وسطی اور دنیا کے عدم استحکام کا سبب بننے والی ایرانی دہشت گرد سرگرمیوں پر روک لگانے کے و اسطے مشترکہ طور پر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
گذشتہ جمعے کے روز سعودی وزیر خارجہ نے زور دیا تھا کہ ایران نے اپنی جوہری سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور خطہ انتہائی خطر ناک مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
سعودی وزیر نے برطانوی اخبار "فنانشل ٹائمز" کو دیے گئے انٹرویو میں ایران کے ساتھ جاری بات چیت کو سنجیدہ اور دوستانہ قرار دیا تھا۔ تاہم بات چیت میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی۔
ادھر ایس پی اے نے جمعرات کے روز بتایا کہ سعودی چیف آف اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے امریکی مرکزی کمان کے کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی سے ملاقات کی۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں شخصیات نے دنوں ملکوں کے بیچ بالخصوص دفاعی شعبے میں تعاون کی صورتوں کا جائزہ لیا۔ بات چیت میں عسکری تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت اور مشترکہ دل چسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔