.

"گرین سعودیہ "پروگرام کے دوران السودہ میں 10 لاکھ پودوں کی شجر کاری کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کمپنیوں میں سے ایک ’السودہ ڈویلپمنٹ‘ نے ایک اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ السودہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ اور رجال المع کے کچھ حصوں میں دس لاکھ سے زیادہ درخت لگانے کی تیاری کر رہی ہے۔

شجر کاری کا یہ منصوبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کل ہفتے کو"گرین سعودی انیشی ایٹو فورم" پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد پودوں کی حفاظت اور ان کی شجر کاری کو مزید وسعت دیتے ہوئے کاربن کے اخراج کم سے کم کرنے کا ہدف مکمل کرنا ہے۔ السودہ میں شجر کاری کے نتیجے میں علاقے میں سیاحت اور پائیدار ترقی کی منزل کے حصول میں مدد مل سکے گی۔

دس لاکھ سے زیادہ پودوں کی شجر کاری

یہ اقدام پروجیکٹ ایریا میں شجرکاری اور جنگلات کی بحالی میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کے لیے 627 کلومیٹر رقبے پر ایک ملین سے زیادہ مقامی درخت لگائے جائیں گے جس سے علاقے میں ماحولیاتی نظام کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور تجدید جنگلات کے ذریعے دیگر مقاصد کا حصول ممکن بنایا جائے گا۔

اس موقعے پر السودہ ڈویلپمنٹ کے سی ای او انجینیر حسام الدین بن صالح المدنی نے کہا کہ ان کی کمپنی سیاحوں کے لیے نئے تصورات کو مستحکم کرنے کی خاطرخطے کی نوعیت اور اس کے فوائد پر سرمایہ کاری کے لیے کام کر رہی ہے۔

قدرتی وسائل کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کے ساتھ علاقے کے قدرتی اور منفرد ماحول کو ہرطرح کی آلودگیوں سے پاک رکھنے کا عزم لیے ہوئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی خطے میں سب سے زیادہ عرعر کے درخت لگانے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ جو مملکت میں تجدید جنگلات اور شجرکاری کے عزم کی کوششوں کی عکاسی ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

انجینیر المدنی نے کہا کہ پائیداری اور ماحولیاتی تحفظ السودہ کمپنی کے لیے نئے تصورات نہیں ہیں بلکہ پانی، توانائی، فضلے کو ٹھکانے لگانےاور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کاربن کے اخراج کو کم کرنا اس کے روز مرہ کے کام اور منصوبوں کا حصہ ہے۔

السودہ ڈویلپمنٹ پانی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے آبی وسائل کے انتظام کے بہترین طریقوں کا استعمال کرتی ہے۔ دستیاب پانی کے وسائل کے دوبارہ استعمال پر انحصار ، سائٹ پر قابل تجدید توانائی کے ذرائع کے استعمال کو یقینی بنانا، توانائی کی کھپت سے زیادہ پیدا کرنے کے لیے کام کرنا، کاربن سے نجات حاصل کرنا اور فضلے کو صفر تک لے جانے اور نقل و حمل کے نیٹ ورک کی پائیداری اور پانی، فضلہ اور توانائی کی پیداوار کے انتظام اور طریقوں کو بڑھانے کے لیے سمارٹ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

السودہ ڈویلپمنٹ کا ارادہ ہے کہ اگلے دس سالوں میں سالانہ ایک لاکھ سے زائد درخت اور پودے لگائے جائیں۔ قدرتی علاقوں، ارضیاتی تشکیلات اور ایسے علاقوں کا تحفظ اور انتظام کیا جائے جو خطرے سے دوچار جانداروں کا مسکن ہیں۔ اس کے علاوہ السودہ ڈویلپمنٹ کمپنی میملز کی 13 اقسام کی بھی حفاظت یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔