.

رواں سال 'الدرعیہ کلاسیکل کار فیسٹول' میں 500 نادر گاڑیاں ہوں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کلاسیکل گاڑیوں سے متعلق "الدرعیہ میلے" کی انتظامی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ ایونٹ میں کیڈیلاک کا 1929ء کا واحد ماڈل بھی موجود ہو گا۔ اس کی قیمت 30 عام گاڑیوں کے برابر ہے۔ یہ بات میلے کے چھٹے ایڈیشن سے متعلق تعارفی تقریب میں بتائی گئی۔ الدرعیہ کار میلہ 4 سے 6 نومبر 2021ء تک جاری رہے گا۔

انتظامی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ناصر المسعری کے مطابق رواں سال میلے میں 500 گاڑیاں شریک ہوں گی۔ ان کو ایک مخصوص طریقہ کار کے ذریعے 1200 گاڑیوں میں سے چُنا گیا ہے جنہوں نے میلے میں شرکت کی درخواست پیش کی تھی۔

میلے میں شرکت کے لیے گاڑیوں میں ندرت (نایاب و نادر ہونا) کی خصوصیت واحد شرط سمجھی جاتی ہے۔

المسعری نے باور کرایا کہ الدرعیہ میلہ اپنے آغاز سے اب تک ایسی کلاسیکل گاڑیاں پیش کر رہا ہے جو انٹرنیٹ پر نہیں دیکھی جا سکتیں۔ میلے میں شریک بعض گاڑیاں کروڑوں ڈالروں اور بعض لاکھوں ڈالروں میں فروخت ہوتی ہیں۔

توقع ہے کہ رواں سال میلے میں شریک گاڑیوں کی قیمت ایک ارب ریال سے زیادہ پہنچ جائے گی۔

المسعری کے مطابق میلے میں سعودی عرب کے بیرون سے بھی گاڑیاں شرکت کرتی ہیں۔ ان میں خلیجی ممالک بالخصوص بحرین اور کویت کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔ اس بار اطالیہ اور سوئٹزرلینڈ 4 گاڑیوں کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔ الدرعیہ کلاسیکل کار میلے کے بین الاقوامی ایڈیشن کے انعقاد کے واسطے امریکا اور یورپ میں بات چیت ہو رہی ہے۔