.

سعودی فضائی کمپنی "فلائی ایڈیل" کی ریاض سے کویت کے لیے پہلی پرواز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کم کرایوں والی نئی فضائی کمپنی Fly Adeal نے ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے کویت کے لیے اپنی اولین پرواز متعارف کرا دی ہے۔ اس طرح مذکورہ فضائی کمپنی کی اندرون و بیرون ملک سفری منزلوں کی مجموعی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے۔

اس نئی فضائی کمپنی کے تجاری امور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد بن عبدالکریم کے مطابق نئی منزل کا افتتاح اور اسے کمپنی کی پروازوں کے نیٹ ورک میں شامل کیا جانا یہ مملکت کے پروگرام ویژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کی کوششوں کا حصہ ہے۔ فلائی ایڈیل کمپنی کے قیام کا مقصد سستی پروازوں اور مسابقتی کرایوں کے ذریعے سعودی عرب کو بیرونی دنیا کے ساتھ جوڑنا ہے۔

احمد بن عبدالکریم کے مطابق کویت کے لیے نئی پرواز کا آغاز دونوں ملکوں کے عوام کے بیچ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گا۔ ساتھ ہی مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ ان میں سماجی ، اقتصادی ، ثقافتی اور سیاحتی شعبے شامل ہیں۔ کویت اس فضائی کمپنی کے لیے دوسری بین الاقوامی منزل ہے۔ اس سے قبل کمپنی نے جولائی میں دبئی کے لیے پروازوں کا آغاز کیا تھا۔