جدہ : شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کارگو سپورٹ کے لیے دوسرا لائسنس جاری
سعودی عرب میں شہری ہوابازی کی اتھارٹی نے جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر "ایئر کارگو ہینڈلنگ" کے واسطے Saudi Arabian SATS کمپنی کو لائسنس جاری کر دیا ہے۔
یہ اقدام مذکورہ اتھارٹی کی جانب سے فضائی کارگو کی سپورٹ اور لوجسٹک سیکٹر کو مطلوبہ خدمات پیش کرنے سے متعلق منصوبوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد مملکت میں فضائی کارگو کی گنجائش کو بڑھا کر 45 لاکھ ٹن تک پہنچانا ہے۔
شہری ہوابازی کی اتھارٹی نے یہ لائسنس سیکنڈ آپریٹر کے معاہدے کے تحت جاری کیا ہے۔ اس معاہدے پر شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے میں دستخط کیے گئے تھے۔ ہوابازی کی اتھارٹی کی جانب سے ریونیو اینڈ کمرشل آپریشن کے ڈائریکٹر جنرل سلطان السلطان اور SATS کمپنی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل لی وان کن نے نمائندگی کی ۔ اس موقع پر جدہ ایئرپورٹس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ریان طرابزونی بھی موجود تھے۔
سعودی شہری ہوابازی کی اتھارٹی کی جانب سے مقررہ پروگرام کے مطابق تزویراتی اہداف کی تکمیل، عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ہوائی اڈوں پر پیش کی جانے والی خدمات کا معیار بلند کرنے کا سفر جاری رہے گا۔ اس کا مقصد مقامی ، علاقائی اور بین الاقوامی طور پر بہترین نتائج اور شان دار کامیابیاں حاصل کرنا ہے۔ مزید یہ کہ سعودی عرب ایئر ٹرانسپورٹ اور کارگو کے شعبے میں تین براعظموں کو مربوط کرنے والا عالمی لوجسٹک مرکز بن جائے۔