.

ریاض سیزن کے 7 زون میں یومیہ تفریحی کے 64 گھنٹے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی دارالحکومت میں تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں سے بھرپور ایونٹ "ریاض سیزن 2021" بیس روز سے جاری ہے۔ اس دوران میں 7 زونز میں یومیہ تفریح کا دورانیہ 64 سے 70 گھنٹے بن رہا ہے۔

ان زونز کے نام بولیورڈ ریاض سٹی، ریاض ونٹر ونڈر لینڈ، زمان وِلیج، اسکوائر، ریاض انٹرفیس، ریاض سفاری اور کومبیٹ فیلڈ ہیں۔

مذکورہ زونز میں عالمی ریستورانوں کی جانب اعلی ترین پکوان اور مشروبات پیش کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے امریکا، برطانیہ، اطالیہ، جاپان، فرانس اور ارجنٹائن سے ماہر شیف کئی قسم کے کھانے تیار کر رہے ہیں۔ اس دوران میں موسیقی اور سنگیت کی محفلیں بھی جاری رہتی ہیں۔

ریاض ونٹر ونڈر لینڈ کے زون میں دنیا میں سب سے بڑا موبائل ایمیوزمنٹ پارک خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔ یہاں ہر عمر کے طبقے کے واسطے تفریح کا سامان مہیا کیا گیا ہے۔ پارک میں دل چسپ سلائیڈز اور کھیلوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

ادھر 120 دنوں کے اندر بنایا جانے والا زون "بولیورڈ ریاض سٹی" ریاض سیزن کے مشہور ترین زون میں شمار کیا جا رہا ہے۔ یہاں رقص کرتا فوارہ زون کی علامت بن چکا ہے۔ علاوہ ازیں کئی تفریحی مقامات ، شاپنگ مراکز، گیم زون، سینما، ریستوران اور کیفے بھی موجود ہیں۔

زمان وِلیج میں سعودی ثقافتی ورثے اور رواج کو نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پرانے دور کا ماحول قائم کیا گیا ہے تا کہ آنے والا خود کو اس زمانے میں محسوس کرے اور اس دور کے کھانے پینے کے ذائقے سے لطف اندوز ہو۔ یہاں سینما اور تھیٹر کی سرگرمیوں کا بھی انتظام ہے۔

کومبیٹ فیلڈ کا زون وار گیمز کے دیوانوں کے لیے بہترین جگہ ہے۔ یہاں کا ماحول حقیقی جنگ کا سماں پیش کرتا ہے۔ زون میں جاری سرگرمیوں کی تعداد 33 کے قریب ہے۔ یہاں کے گیمز میں ٹینک چلانا ، گولہ بارود کا استعمال، اجتماعی جنگی کھیل، لڑائی کے میدان، فرار کا چیلنج وغیرہ شامل ہے۔ زون میں ہتھیاروں کی فروخت کے ساتھ لائسنس کے حصول کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

ادھر ریاض سفاری زون کو Safari Experience اور Safari Park میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ زون بچوں اور خاندانوں کے لیے دل چسپی کا مرکز ہے۔ یہاں جنگلی حیات کا ماحول پیش کیا گیا ہے۔ آنے والے یہاں مختلف جانوروں کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔

ریاض انٹرفیس زونمیں کئی نمائشیں اور میلے شامل ہیں۔ ان کا تعلق مختلف شعبوں سے ہے جن میں فن ، زیورات ، فیشن اور ملبوسات سے ہے۔ علاوہ ازیں وڈیو گیمز اور اینیمیٹڈ فلمز کے دیوانوں کی دل چسپی کا سامان بھی کیا گیا ہے۔