سعودی شہریت حاصل کرنے کے بعد عراقی تھیٹر ڈائریکٹر سمعان العانی کے تاثرات ؟
عراق سے تعلق رکھنے والے تھیٹر ڈائریکٹر سمعان العانی نے جمعرات کے روز سعودی عرب کی شہریت حاصل کر لی ہے۔ وہ کئی دہائیاں قبل کام کی تلاش میں ہجرت کر کے سعودی عرب آ گئے تھے۔ سمعان نے بغداد میں اسٹیج کے شعبے میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی تھی۔
سعمان کئی برس تک تھیٹر ڈائریکٹر کے طور پر اعلی معیار کا کام پیش کرتے رہے۔ بعد ازاں وہ ثقافت اور فنون سے متعلق سعودی سوسائٹی کے ساتھ منسلک ہو گئے۔
سعودی شاہی فرمان کے ذریعے متعدد ممتاز شخصیات کے لیے شہریت کے اعلان کے سلسلے میں سمعان العانی کو بھی مملکت کی شہریت دی گئی ہے۔ اس حوالے سے سمعان نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "میں اپنے جذبات بیان نہیں کر سکتا اور مجھے اس پر بے حد خوشی ہے۔ الحمد للہ آج میں نے سعودی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میں خادم حرمین شریفین کا دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمیں سعودی شہریت عطا کی۔ یقینا یہ ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ یہ خواب تھا جو پورا ہو گیا"۔
یاد رہے کہ سمعان العانی نے سعودی تھیٹر کے شعبے میں متعدد مشہور ڈراموں کی ہدایت کاری انجام دی۔ ان میں الكرمانيہ، سقوط الحساب، ثلاثی النكد، تحت الكراسی، وطنی، المهابيل، حلم الهمزانی، الارشيف، سكۃ سفر، المشعوذين وغیرہ شامل ہیں۔