امریکی کمپنی "ریویان" کے IPO کے بعد سعودی خاندان کی دولت 9 ارب ڈالر سے متجاوز
بجلی سے چلنے والی گاڑیاں تیار کرنے والی امریکی کمپنی Rivian کی بدولت ایک سعودی خاندان کی دولت 8.9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکی ویب سائٹ بلومبرگ کے مطابق مذکورہ خاندان کی دولت کی مالیت امریکی کمپنی ریویان کے IPO کے پیش کیے جانے سے ایک روز پہلے کی ہے۔ واضح رہے کہ آئی پی او آنے کے دو روز بعد کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 100 ارب ڈالر ہو چکی ہے۔ اس کے نتیجے میں سعودی خاندان کی دولت میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ خاندان مملکت میں روایتی گاڑیاں درآمد کرنے کا کاروبار کرتا ہے۔
سعودی خاندان کی کمپنی اس کے بانی "عبد اللطيف جميل" کے نام سے معروف ہے۔ یہ خاندان سال 2020ء کے لیے امریکی جریدے "فوربز" کی سعودی عرب کے امیر ترین خاندانوں کی فہرست میں شامل ہے۔ اس نے 70 سال سے زیادہ عرصہ قبل اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا۔ کمپنی کا بنیادی کاروبار پٹرول سے چلنے والی روایتی گاڑیوں سے متعلق ہے۔ تاہم 2018ء میں ایک مشہور ترین امریکی گاڑی ساز کمپنی کے ساتھ طے پانے والا سرمایہ کاری کا معاہدہ سعودی کمپنی اور اس خاندان کے لیے سب سے بڑا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
معاہدے کے تحت سعودی "عبد اللطیف جمیل" کمپنی نے 30.3 کروڑ ڈالر کے مقابل ریویان کمپنی کے تقریبا 11.4 کروڑ شیئرز حاصل کر لیے۔
عبداللطیف جمیل گروپ نے اپنی کمپنی 1945ء میں ایک چھوٹے تجارتی ادارے کے طور پر قائم کی تھی۔ یہ سعودی مارکیٹ میں جاپانی "ٹویوٹا" گاڑیوں کا خصوصی ایجنٹ ہے۔ تاہم اس کی سرگرمیاں ٹرانسپورٹ، انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ، مالیاتی خدمات، پراپرٹی اینڈ ریئل اسٹیٹ، توانائی، ماحولیات خدمات، ایڈورٹائزنگ اینڈ میڈیا اور صارفین کی مصنوعات کے شعبوں میں بھی پھیلی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ ریویان کمپنی کی موجودہ مارکیٹ ویلیو (100 ارب ڈالر) کے مقابل اس وقت جنرل موٹرز کی مارکیٹ ویلیو 86 ارب ڈالر اور فورڈ موٹرز کی مارکیٹ ویلیو 77 ارب ڈالر ہے۔