امریکی حصص میں سعودی انویسٹمنٹ فنڈ کے اثاثے 3 گُنا بڑھ کر 43 ارب ہو گئے
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے مالیاتی سال کی تیسری سہ ماہی میں امریکا میں اسٹاک مارکیٹ میں اپنی ملکیت کا مجموعی حجم تین گُنا بڑھا کر 43.45 ارب ڈالر کے قریب پہنچا دیا ہے۔ اس عرصے میں فنڈ نے علی بابا، وال مارٹ اور پینٹرسٹ کے حصص کا اضافہ کیا۔
سعودی فنڈ نے 30 ستمبر کو اختتام پذیر ہونے والی تیسری سہ ماہی کے دوران میں سابقہ سہ ماہی کے مقابل اپنی ملکیت میں 16 ارب ڈالر کا اضافہ کیا۔ فنڈ کی جانب سے خریدے گئے دیگر حصص میںJust Eat Takeaway.com اور Ballard Power Systems شامل ہیں۔
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ مجموعی طور پر 430 ارب ڈالر مالیت کے اثاثے رکھتا ہے۔ یہ فنڈ آئل سیکٹر سے ہٹ کر نئے سیکٹروں میں سرمایہ کاری کے ذریعے سعودی عرب میں معیشت کی راہ تبدیل کرنے پر کام کر رہا ہے۔
مذکورہ فنڈ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاری کی حکمت عملی پر بھی گامزن ہے۔ اس کا مقصد تیل پر مملکت سعودی عرب کے انحصار کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہونا ہے۔
واضح رہے کہ Softbank کمپنی کے 100 ارب ڈالر مالیت کے پہلے ٹکنالوجی فنڈ میں سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے 45 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔