عراق کے سابق صدر صدام حسین کی بیٹی رغد صدام نے لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے۔ یہ پیغام سیف الاسلام کی جانب سے خود کو لیبیا میں صدارتی انتخابات کے لیے نامزد کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
رغد صدام نے کل پیر کے روز اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر کی گئی ٹویٹ میں لکھا "میرے گراں قدر بھائی سیف الاسلام قذافی ،،، مجھ سمیت آپ کے تمام چاہنے والوں کی نظریں پوری طرح آئندہ مرحلے پر مرکوز ہیں اور ہم اس میں خصوصی دل چسپی رکھتے ہیں ... میری دعا ہے کہ آپ اپنے لائق مقام پر واپس آ کر لیبیا کی خدمت کریں اور ملک کو پھر سے اس کے حقیقی مقام پر پہنچا دیں"۔
أخي الغالي #سيف_الاسلام_القذافي نترقب باهتمام كبير أنا وكل محبيك للمرحلة القادمة . دعائي لكم بأن تعود إلى المكانة التي تليق بكم وتخدم #ليبيا وتُعيدها لموقعها الحقيقي . pic.twitter.com/RNwvY6HQyN
— رغد صدام حسين (@RghadSaddam) November 15, 2021
سیف الاسلام قذافی نے اتوار کے روز سرکاری طور پر صدارتی انتخابات کے لیے بطور امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرئے تھے۔ انتخابات کا اجرا آئندہ ماہ کے آخر میں مقرر ہے۔ واضح رہے کہ لیبیا میں اور لیبیا سے باہر ابھی تک سیف الاسلام کا قانونی تعاقب جاری ہے۔
انتخابی کمیشن کے مطابق سیف الاسلام نے اس انتخابی مرکز سے اپنا انتخابی کارڈ وصول کر لیا ہے جہاں ان کا اندراج ہوا ہے۔
سیف الاسلام نے جس علاقے سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں وہ القذاذفہ قبیلے کا گڑھ ہے۔ اس کا مطلب وہ جگہ جہاں قذافی خاندان کو اب بھی مقبولیت اور ایک طرح کا تحفظ حاصل ہے۔
البتہ سیف الاسلام کی نامزدگی پر گذشتہ دو روز کے دوران میں بالخصوص ملک کے مغربی حصے میں کئی اعتراضات سامنے آئے ہیں۔