.

ریاض سیزن : شوٹنگ راؤنڈ کے چیلنج میں باپ کا مدّ مقابل بیٹا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی دارالحکومت میں جاری ریاض سیزن کے سلسلے میں "کومبیٹ فیلڈ" زون میں اس وقت دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا جب شوٹنگ فیلڈ کے اندر ایک باپ اور بیٹا آمنے سامنے آ گئے۔ کرونا کی وبا کے سبب دو برس سے شوٹنگ راؤنڈ کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا۔ شوٹنگ فیلڈ آنے والوں کو مسابقت کے خاص تجربے کا احساس دلاتی ہے۔

شوٹنگ فیلڈ کے میدان میں سعودی شہری عبداللہ الرشید کے مد مقابل کوئی اور نہیں بلکہ ان کا اپنا بیٹا ریان تھا۔

پچاس برس سے زیادہ عمر کے عبداللہ نے گن کیبنٹ میں خصوصی لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ وہ ڈش کو ہوا میں اڑائے جانے کے منتظر تھے تا کہ اسے نشانہ بنا کر زمین پر گرا دیں۔

عبداللہ کے مطابق اس زون میں سب سے پر کشش چیز ہتھیاروں کی نمائش اور پھر شوٹنگ فیلڈ ہے۔ عبداللہ نے بتایا کہ وہ اپنے شوٹنگ کے شوق کے سبب مملکت سے باہر کا سفر بھی کر چکے ہیں۔

عبداللہ الرشید کے بیٹے ریان کہتے ہیں کہ ڈش شوٹنگ ریاض سیزن کی سب سے خوب صورت سرگرمی ہے۔ ریان کے مطابق انہیں اپنے والد کو دیکھ کر شوٹنگ کا شوق پیدا ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب سعودی عرب میں اس سطح پر پیشہ ورانہ نوعیت کے شوٹنگ مقابلے ہو رہے ہیں۔