سڑکوں پر دیواری مصوری کرنے والی پہلی سعودی خاتون

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب میں دیواروں پر تصاویر بنانے والی خاتون فن کار عائشہ عسیری اپنے کام کو ثقافتی فنی یادگار کے طور منوانے کا عزم رکھتی ہیں۔ وہ اپنی فنی کاوشوں کا معمولی علامتی معاوضہ لیتی ہیں۔ اس کا مقصد عسیر صوبے کے ہر ضلع میں تہذیبی مظہر بہتر بنانے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ نے بتایا کہ فنون لطیفہ دنیا بھر کے معاشروں کے لیے تہذیب کے ورثے ، شناخت اور عناصر پر مشتمل ایک الہامی پیغام ہے۔

عائشہ نے اپنے کام کی ابتدا خطاطی سے کی اور پھر دیواری مصوری کے میدان میں پہنچ گئیں۔ عائشہ مملکت میں بلدیات اضلاع اور جامعات کی سطح پر بڑے منصوبے حاصل کرنے کی خواہش مند ہیں۔

عائشہ عسیری دیواری مصور کی حیثیت سے بین الاقوامی ثقافتی سرگرمیوں میں سعودی عرب کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ اس سلسلے میں وہ خلیجی ممالک اور مصر، اردن اور مراکش بھی جا چکی ہیں۔ عائشہ کو امید ہے کہ سعودی عرب میں نوجوان نسل میں دیواری مصوری فروغ پائے گی۔

عائشہ عسیری اب تک پوری مملکت میں 60 کے قریب دیواری فن پارے تیار کر چکی ہیں۔ ان میں دو فن پارے نمایاں ترین ہیں جن میں سے ہر ایک کی لمبائی 50 میٹر اور چوڑائی 8 میٹر تھی۔ عائشہ نے یہ کام ایک ہفتے میں مکمل کیا۔

عائشہ کے مطابق وہ پہلی سعودی خاتون ہیں جو بڑے رقبوں پر دیواری مصوری انجام دیتی ہیں۔ اس کے لیے وہ کرینوں اور اونچی سیڑھیوں پر چڑھتی ہیں۔ یہ بڑی حد تک خطرناک ہوتا ہے تاہم عائشہ نے مشکلات کو پچھاڑ کر کامیابی حاصل کی۔

عائشہ کہتی ہیں کہ "میری دیواری مصوری ہمیشہ معاشرے کو ایک پیغام پیش کرتی ہے۔ مثلا میں نے ایک دیواری فن پارہ تیار کیا جو نئی نسل کے لیے آباؤ اجداد کے ورثے کے ایک مربوط تعارف کی حیثیت رکھتا ہے۔ آج یہ مقامی اور بیرونی سیاحوں کے دورے کا ایک مستقل مقام بن چکا ہے۔

عائشہ کے مطابق بعض معاشرے اس بات کو قبول نہیں کرتے کہ صنفِ نازک آتے جاتے راہ گیروں کے سامنے سڑکوں پر مصوری کرے۔ تاہم عائشہ نے معاشرے میں لوگوں کا احترام حاصل کر لیا۔

عائشہ کی خواہش ہے کہ وہ مملکت میں ہوائی اڈوں اور نیوم شہر میں دیواری مصوری کے منصوبے حاصل کریں۔

عائشہ نے مقامی اور بین الاقوامی نمائشوں میں اپنا کام پیش کیا۔ انہوں نے کئی انعامات بھی حاصل کیے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں