غربِ اردن:فلسطینی خاتون نے الخلیل میں اسرائیلی آبادکارکو چاقوگھونپ دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب میں واقع شہر الخلیل میں ایک متنازع مقدس مقام کے نزدیک ادھیڑ عمر فلسطینی خاتون نے ایک یہودی آباد کار پرچاقو سے وار کیا ہے جس کے نتیجے میں وہ معمولی زخمی ہو گیا۔

یہ حملہ مسلمانوں کے مقدس مقام مسجد ابراہیمی کے نزدیک کیا گیا ہے۔یہود بھی اس کو مقدس غاروں کی نسبت سے اپنے لیے مقدس خیال کرتے ہیں۔اس لحاظ سے یہ دونوں مذاہب کے پیروکاروں کے لیے قابل احترام جگہ ہے۔

اسرائیل کے سرحدی محافظوں کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ انھوں نے حملہ آور65 سالہ فلسطینی خاتون کو قریبی گاؤں سے گرفتارکرلیا ہے۔زخمی یہودی آبادکارقریبی بستی کریات عربہ کا 38 سالہ رہائشی تھا۔

یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب اسرائیلی سیکورٹی فورسز جمعرات کو مغربی کنارے میں واقع یہودی بستی ہمیش کے قریب فائرنگ کے ایک مہلک واقعہ میں ملوّث حملہ آوروں کی تلاش میں تھیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی حملہ آوروں نے ایک کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 25 سالہ یہودی مذہبی طالب علم اور آباد کار یہودا ڈمینٹمین ہلاک ہوگیا۔کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن متعدد فلسطینی تنظیموں نے فائرنگ کی تعریف کی ہے۔

گذشتہ ایک ماہ سے غربِ اردن میں فلسطینیوں اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے درمیان تشدد اور جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ان جھڑپوں کے دوران میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی ہلاکتیں دیکھنے میں آئی ہیں۔

جمعہ کے روز اقوام متحدہ کے مشرق اوسط میں امن ایلچی تور وینسلینڈ نے کہا کہ ’’انھیں مشرقی یروشلیم سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش لاحق ہے۔اس کے نتیجے میں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کی جانیں جارہی ہیں‘‘۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی چھے روزہ جنگ میں مغربی کنارے پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک قریباً سات لاکھ یہودی آبادکار مغربی کنارے اور مشرقی یروشلیم میں واقع بستیوں میں بسائے جاچکے ہیں۔امریکا کے سواعالمی برادری ان یہودی بستیوں کو غیرقانونی قرار دیتی ہے۔

الخلیل (حبرون) مغربی کنارے کا سب سے بڑا شہر ہے۔یہاں قریباً دو لاکھ فلسطینی آباد ہیں جبکہ شہر میں قریباً ایک ہزار یہودی آباد کار بھی اسرائیلی فوج کی بھاری حفاظت میں رہتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں